واٹس ایپ میں کال کا مسئلہ حل

واٹس ایپ فائل فوٹو واٹس ایپ

واٹس ایپ دنیا بھر میں ایک مفت پیغام رسانی اور ویڈیو کالنگ ایپ ہے جس سے دو ارب سے زائد لوگ مستفید ہورہے ہیں۔

میٹا نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین کو واٹس ایپ پر اپنے مطلوبہ نمبرز کو ڈائل کرنے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔

پہلے ہوتا یہ تھا کہ صارفین ایسے لوگوں کو وائس کالز نہیں کر سکتے تھے جو آپ کے کانٹیکٹ لسٹ میں شامل نہ ہوں لیکن اب ایسا نہیں ہے کیونکہ واٹس ایپ کی جانب سے اس خامی کو دور کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل سال 2023 میں میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں بھی بتایا گیا تھا کہ واٹس ایپ میں ایک ایسے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے جس کی مدد سے صارفین ایسے افراد کو بھی آسانی سے میسجز بھیج سکیں گے جو ان کی کانٹیکٹ لسٹ میں نہیں ہوتے۔

تاہم اب تک وہ فیچر تو متعارف نہیں کرایا گیا مگر اب واٹس ایپ میں ان ایپ ڈائلر پر کام کیا جا رہا ہے۔

ویبیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں یہ نیا فون ڈائلر متعارف کرایا گیا ہے۔

اس اپڈیٹ سے پہلے واٹس ایپ صارفین کو کال کرنے سے قبل مطلوبہ نمبرز کو کانٹیکٹ لسٹ میں سیو کرنا پڑتا تھا لیکن اب نئے ڈائلر کے استعمال سے اس کی ضرورت نہیں پڑے گی یعنی فون نمبر محفوظ کیے بغیر براہ راست کال کی جاسکے گی۔

اس کام کے لیے صارفین کو کالنگ ٹیب میں ڈائلر کا آئیکون دائیں جانب نیچے نظر آئے گا جس پر کلک کرنے پر فون ڈائلر اوپن ہو جائے گا۔

اس کے ذریعے واٹس ایپ میسجنگ ایپ کے ساتھ ساتھ کالنگ سروس میں بھی تبدیل ہو جائے گی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یہ فیچر بیٹا ورژن میں دیکھنے میں ضرور آیا ہے مگر اس پر کام جاری ہے اور امید ہے اسے جلد متعارف کرا دیا جائے تاہم وقت کا تعین کرنا فی الحال ناممکن ہے۔

 

install suchtv android app on google app store