بھارت سے شکست پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے کیا کہا؟

گیری کرسٹن فائل فوٹو گیری کرسٹن

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے نیو یارک کے ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پچ کا دفاع کیا۔

قومی ٹیم کے کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ دونوں سائیڈز کے لیے اسکور کرنا مشکل تھا اور آؤٹ فیلڈ بھی کافی سست تھی، اس لیے بڑا ٹوٹل نہیں بننا تھا۔

قومی کوچ کے مطابق ’میں نے کہا تھا کہ اس پچ پر 140 رنز بہت اچھا اسکور ہوگا، لیکن بھارت اتنے رنز نہیں بنا سکا، میرا خیال تھا یہ میچ ہمارے ہاتھ میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے تھے کہ یہ مشکل میچ ہوگا، لیکن آپ جانتے ہیں کہ کبھی کبھی اس طرح کا کھیل دیکھنے میں بھی مزہ آتا ہے، ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا کہ 240 اور 260 رنز بنائے جائیں اور چھکے، چوکے لگ رہے ہوں، 120 رنز کے تعاقب میں واقعی ایک اچھا میچ ہوسکتا ہے، لہذا مجھے نہیں لگتا کہ یہ کھیل کے لیے برا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں امریکا کے شہر نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 120 رنز کا ہدف دیا لیکن قومی بیٹنگ لائن آسان ہدف بھی حاصل نہ کرسکی اور 6 رنز سے ہار گئی۔

install suchtv android app on google app store